اورکزئی ایجنسی (جیو ڈیسک)اورکزئی ایجنسی کے قصبے اسپن تل میں خودکش حملے میں عسکریت پسند کمانڈر اور اس کے آٹھ ساتھی ہلاک اور پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔پاک افغان سرحدی علاقے میں کالعدم تحریک طالبا ن اور اس کے مخالف شدت پسندگروپوں میں اختلافات شدید ترہوتے جارہے ہیں۔ جس کی وجہ سے آئے روز وہاں سے جھڑپوں کی اطلاعات ملتی رہتی ہیں۔ اورکزئی ایجنسی کے قصبے اسپن تل میں شدت پسند گروپ کمانڈر ندیم حنفی کے مرکز پر خودکش حملہ کیاگیا ۔ یہ گروپ طالبان کا مخالف بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے حنفی گروپ کے مرکز میں گھس کر دھماکا کیا ، جس سے عمارت تباہ ہوگئی ۔ خودکش حملے میں شدت پسند گروپ کا سربراہ ندیم حنفی بھی مارا گیا اور ڈیڑھ درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے ۔ میتیں اور زخمیوں کو اورکزئی ایجنسی کی تحصیل ٹل کے اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ اسپتال ذرائع نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔