بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے برطرف کپتان شکیب الحسن نے کہا ہے کہ انہیں اچانک کپتانی سے ہٹائے جانے پر حیرانگی ہوئی، بورڈ نے یقینی طور پر کھیل کی بہتری کے لئے ایسا کیا ہے اور وہ اس فیصلے کو قبول کرتے ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ماہ دورہ زمبابوے میں غیر معیاری کارکردگی کے سبب کپتان شکیب الحسن اور نائب کپتان تمیم اقبال کو ان کے عہدوں سے برطرف کردیا تھا۔ اپنے ایک انٹرویو میں شکیب الحسن نے کہا کہ انہیں بورڈ کے فیصلے پر بہت تعجب ہوا کیونکہ وہ ایسے فیصلے کی توقع نہیں کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے کو کھلے دل سے قبول کرتے ہیں کیونکہ بورڈ نے کھیل کی بہتری کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ شکیب الحسن نے کہا کہ بورڈ کو دورہ زمبابوے میں ناکامی کی وجوہات پر تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے ملک میں اکثر ایسا ہوتا ہے کسی بھی ناکامی پر تحقیقات کئے بغیر کسی کو بھی قربانی کا بکرا بنا دیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ شکیت الحسن کو انجرڈ مشرفی مرتضی کی جگہ عارضی طور بنگلہ دیشی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ٹیم کو 4-0 سے کامیاب کرایا، انہیں رواں سال فروری میں مستقل کپتان مقرر کیا گیا تھا۔