اگر وزارت اوورسیز تارکین وطن کی حوصلہ افزائی کرے تو زرمبادلہ کے انبا رلگا دینگے۔ امجد گوندل
Posted on January 4, 2013 By Geo Urdu اسلام آباد
اسلام آباد ( بیورو رپورٹ ) وزارت اوورسیز اگر ایک بار اوورسیز پاکستانیوں کے کندھے کوتھپتھپاتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کرے تو اوورسیز پاکستانی اپنے ملک میں زرمبادلہ کے انبار لگا دیں اور اس قدر سرمایہ کاری کریں کہ حکومت کو کبھی بھی بیرونی دنیا سے قرض لینے کی ضرورت بھی محسوس نہ ہو۔
ان خیالات کا اظہار پی او اے ایف انٹرنیشنل پاکستان چیپٹرکے وائس چیئرمین امجد گوندل نے وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار سے میٹنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے وجود سے کنارہ کیا مگر موجودہ وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار اوورسیز کمیونٹی کی خاطر کچھ کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔
اگر وہ ان اوورسیز پاکستانیوں کے مطالبات پورے کردیں تو اوورسیز کمیونٹی کی تاریخ میں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت 14 ارب ڈالر کے کثیر زرمبادلہ کے دعوے کرتی نہیں تھکتی ‘ اگر ان اوورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں پاکستان میں امن و امان دیا جائے تو پاکستان بھر میں کارخانوں اور ملوں کی بھرمار شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نے پی او اے ایف انٹرنیشنل کے مطالبات ہمدردی سے سن کر ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس میٹنگ میں مانے جانے والے مطالبات پر عملدرآمد ہوتا بھی نظر آئے۔