ایران (جیوڈیسک) ایران آئندہ ہفتے خلیج آبنائے ہرمز میں جنگی مشقوں کا آغاز کررہا ہے۔ ایرانی بحریہ کی مشقیں چھ دن تک جاری رہیں گی۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے بتایا کہ ولایت 91 کوڈ نام کے تحت ہونے والی فوجی مشقیں وسیع علاقے میں جاری رہیں گی۔
ان میں ڈیفنس اور میزائل سسٹم کو پوری طرح ٹیسٹ کیا جائے گا۔ نیز لڑاکا بحری جہاز اور آبدوزیں بھی ان مشقوں میں حصہ لیں گی جن میں ان پر متعین یونٹس کو بین الاقوامی سمندری حدود کی خلاف ورزی کے بغیر بھرپور تربیت دی جائے گی۔
ایران اپنی فوجی تیاریوں کا جائزہ اور ان میں بہتری لانے کے لئے باقاعدہ جنگی مشقیں کرتا رہتا ہے۔ ایرانی بحریہ کے 17 ہزار فوجی آبنائے ہرمز کے مشرق میں عمانی سمندر سے خلیج عدن تک کے علاقے میں نیول آپریشن کے ذمہ دار ہیں جبکہ پاسداران انقلاب کے نیول دستوں کی تعداد 20 ہزار فوجیوں پر مشتمل ہے۔ اس کے ذمے خلیج میں ایران مفادات کی نگرانی ہے۔