ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کا کہنا ہے کہ ایران آنے والے دنوں میں اہم اور بڑی جوہری کامیابیوں کا اعلان کرے گا۔ انہوں نے یہ بات تہران میں انقلابِ ایران کی تینتیسویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی ہے۔
محمود احمدی نژاد نے اپنی تقریر میں ان جوہری کامیابیوں کی تفصیل نہیں بتائی۔ ایران پر جوہری پروگرام کی وجہ سے مغربی ممالک کی اقتصادی پابندیوں پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم مغربی قوتوں کی جانب سے اس کی جوہری سرگرمیوں کے خلاف دبا کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔ ایرانی صدر نے کہا کہ واحد راستہ یہ ہے کہ انصاف کی راہ اپنائی جائے، ایران کے جوہری حقوق کا احترام کیا جائے اور مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دھونس اور ذلت آمیز رویے کی زبان استعمال کی گئی تو ایرانی قوم کبھی بھی گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔