اسرائیل : (جیو ڈیسک) اسرائیل نے عالمی جوہری توانائی ادارے آئی اے ای اے اور ایران کے درمیان ممکنہ جوہری معاہدے سے متعلق تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔اسرائیل نے کہا ہے کہ ایران کئی سالوں سے ثابت کر چکا ہے کہ اس کی کوئی ساکھ نہیں ہے اور سچ نہ بولنا اس کا وطیرہ ہے لہذا ہمیں اس سے متعلق ہمیشہ شکوک و شہبات رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اسرائیلی وزیر دفاع ماتان ویلنائی نے ریڈیو اسرائیل کو انٹرویو میں کیا۔ اس سے قبل اسرائیلی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ماضی کے تجربات کی روشنی میں ہمیں شکوک لاحق ہیں۔ دونوں اسرائیلی وزرا کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آئی اے ای اے کے سربراہ ایران کے دورے پر ہیں جہاں ایران کے ساتھ اس کی جوہری تنصیبات کی تحقیقات کے عمل کو سہل بنانے کے حوالے سے معاہدے متوقع ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری معاملے پر سفارتی ٹریک پر ظاہری طور پر پیش رفت کا امکان اب بھی موجود ہے جہاں تک فوجی کارروائی کا تعلق ہے ہر چیز میز پر ہے۔