اسلام آباد : (جیو ڈیسک) قومی ائرلائن نے ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے پر چھ ماہ سے واجبات اد ا نہیں کئے جس پر ایرانی سول ایوی ایشن نے پی آئی اے کو اپنی فضائی حدود کو استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ائرلائن نے یکم جنوری سے اوورفلائنگ کے واجبات ادا نہیں کئے تھے جس پر ایرانی سول ایوی ایشن نے پی آئی اے کی عمرہ کیلئے جانیوالی پی آئی اے کی پرواز وں کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے سے روک دیا ہے اور وارننگ دی ہے کہ اگر واجبات ادا نہیں کئے تو مکمل طور پر فضائی حدود بند کردی جائیگی ۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے ہیڈ آفس میں آج چھٹی والے روز بھی ڈائریکٹر ائرپورٹ اور دیگر افسران کو ہنگامی طور پر طلب کرلیا گیا تھا اور پی آئی اے انتظامیہ نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ ایرانی سی اے اے کے واجبات فوری ادائیگی کی جائے ۔ پی آئی اے انتظامیہ نے ایرانی ایوی ایشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ منگل تک دبئی میں بینک کے ذریعے ان کے واجبات ادا کردیئے جائینگے۔