دوحہ(جیوڈیسک)دوسری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی آج سے قطر کے دار الحکومت دوحہ میں شروع ہورہی ہے۔ ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ دفاعی چیمپئن بھارت، ملائشیا، جاپان، چین اور عمان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
دوحا کے الریان ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے افتتاحی دن تین میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کی ٹیم جاپان سے ٹکرائے گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہو گا۔
دیگر میچوں میں دفاعی چیمپئن بھارت کا مقابلہ ملائشیا، عمان کا چین ہے ہوگا۔ قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ اکیس دسمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ بائیس دسمبر کو پاکستان کا مقابلہ ملائشیا سے جبکہ چوبیس دسمبر کو چین سے ہوگا۔
سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلی دو پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی جو ستائیس دسمبر کو کھیلا جائیگا۔