ایم کیو ایم اتوار کو احتجاجی ریلی نکالے گی

Altaf Hussain

Altaf Hussain

متحدہ قومی موومنٹ صدر آصف علی زرداری کے خلاف مسلم لیگ ن کی جانب سے نازیبا زبان استعمال کرنے پر اتوار کو دوپہر 2 بجے تبت سینٹر، ایم اے جناح روڈ کراچی پر احتجاجی ریلی کا انعقاد کرے گی۔
یہ فیصلہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں ہوا جس کی ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے توثیق کردی ہے ۔ دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مسلم لیگ نواز گروپ کے زیراہتمام لاہور میں منعقدہ جلسہ میں وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور دیگر مقررین کی جانب سے صدر پاکستان آصف علی زرداری کے خلاف نازیبا اور غلیظ زبان استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں الطاف حسین نے مسلم لیگ ن کے رہنماوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہاکہ صدرمملکت کے خلاف بیہودہ زبان کا استعمال کسی کی ذات کو نیچا دکھانے کا ہی نہیں بلکہ استحکام پاکستان کو بھی نقصان پہنچانے کا عمل ہے۔ الطاف حسین نے صدرآصف علی زرداری کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم ہرکڑے اور مشکل وقت میں ان کا بھرپورساتھ دے گی اور جمہوریت کی بقا کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
انہوں نے رابطہ کمیٹی کی جانب سے احتجاجی ریلی کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ استحکام پاکستان، جمہوری عمل کو جاری رکھنے کیلئے اور صدرآصف علی زرداری سے اظہار یکجہتی کیلئے ایم کیوایم کی احتجاجی ریلی میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں۔