اسلام آباد(جیوڈیسک)ایم کیو ایم اور اے این پی نے کراچی کا امن تباہ کرنے کیلئے کی جانے والی سازشوں کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا ۔ایم کیو ایم کے وفد نے شیخ رشید سے بھی ملاقات کی۔ الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیو ایم وفود کے مختلف جماعتوں سے رابطے جاری ہیں ۔اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کی سربراہی میں وفد نے اے این پی کے وفد سے ملاقات کی جس میں ملکی سلامتی کے امور، بلوچستان اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا دونوں جماعتوں کے بارے میں پائے جانے والا منفی تاثر ختم کرنے کا موقع ملا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی عدیل کاکہنا تھا کراچی میں امن ہر جماعت کی ضرورت ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ کراچی میں موجود لینڈ اور بھتہ مافیا سمیت ہر جرائم پیشہ گروہ کے خلاف بلاامتیازکارروائی ہونی چاہئے۔ فاروق ستار نے اے این پی کے وفد کو نائن زیرو کے دورے کی دعوت بھی دی۔
بابر غوری کی سربراہی میں وفد نے راولپنڈی میں شیخ رشید سے ملاقات کی جس کے بعد بابر غوری کاکہنا تھاکہ جارحیت سے مقابلے کیلئے ملک کا مستحکم ہونالازمی ہے ۔ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ سیاستدانوں کو ظلم کے نظام کے خلاف متحد ہونا ہو گا ۔ بابر غوری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں سے بھی جلد ملاقات کی جائے گی۔