کراچی : (جیو ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم خریدوفروخت،لوٹ کھسوٹ اورپیسے کی سیاست کے خلاف ہے اوریہی اس کا سب سے بڑاجرم ہے۔ ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں اجلاس سے خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ ان کی جماعت صرف زبان سے انقلاب کی باتیں نہیں کرتی بلکہ ملک میں غریب ومتوسط طبقہ کے انقلاب کیلئے عملا جدوجہد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کسی ایک خاندان کی نہیں عوام کی جماعت ہے، اس کی قیادت مراعات یافتہ طبقہ سے نہیں بلکہ ملک کوبنانے والی مڈل کلاس سے تعلق رکھتی ہے۔مظلوم عوام نے اچھی طرح سمجھ لیاہے کہ اگرکوئی جماعت تبدیلی لاسکتی ہے تووہ صرف متحدہ ہے۔اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے ارکان اور پاکستان اور امریکہ سے آئے ہوئے تنظیمی ذمہ دارموجود تھے۔