اسلام آباد : (جیو ڈیسک)وزیرخارجہ حناربانی کھر نے کہا ہے کہ ایمن الظواہری کی پاکستان میں موجودگی کے شواہد نہیں ملے۔ امریکا کے پاس شواہد ہیں تو فراہم کرے۔اسلام آباد میں سینیٹر رضاربانی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں حناربانی کھر نے پاک امریکا تعلقات کی بحالی سے متعلق بریفنگ دی۔ صحافیوں سے گفتگو میں وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ القاعدہ پاکستان اور امریکا کا مشترکہ دشمن ہے۔
اس کے خاتمے کیلئے پاک امریکا پارٹنرشپ مضبوط ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا ایمن الظواہری کی پاکستان میں موجودگی کے شواہد نہیں ملے۔ القاعدہ سربراہ کی موجودگی کے شواہد ہیں تو امریکا پاکستان کو فراہم کرے۔ وزیر خارجہ نے بتایا پارلیمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں امریکا سے مذاکرات جاری ہیں۔
دوسری جانب قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ امریکا پارلیمانی سفارشات کا احترام کرے۔ ڈرون حملوں سے متعلق امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا کا بیان مناسب نہیں۔ ایسے منفی بیانات پاک امریکا تعلقات پر اثر انداز ہوں گے۔ رضاربانی کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔