اسلام آباد : (جیو ڈیسک) سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوئس عدالت کو خط لکھنے سے متعلق وزیراعظم سے جواب لے کر عدالت کو آگاہ کریں۔ این آر او کیس کی سماعت بارہ جولائی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس ناصر الملک کی سر براہی میں تین رکنی بینچ نے این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت کی عدالت نے سوئس عدالت کو خط لکھنے سے متعلق وزیراعظم سے جواب لینے کی ہدایت کی۔ جسٹس آصف سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو فیصلے کے پیراگراف178 پر عمل کرنا ہے۔ آئندہ پیشی پر اٹارنی جنرل سے معلوم کیا جائے گا کہ کیا انہوں نے وزیر اعظم کو عدالت کے حکم سے براہ راست آگاہ کر دیا ہے ۔
سید یوسف رضا گیلانی کے دور میں سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو ہدایت کی تھی کہ وہ وزیر اعظم کو سپریم کورٹ کے سوئس عدالت کو خط لکھنے کے حکم سے براہ راست آگاہ کریں اور کسی سمری وغیرہ کے چکر میں نہ پڑیں ۔
یاد رہے کہ نئے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف واضح کر چکے ہیں کہ سوئس حکام کو خط لکھنے کے حوالے سے حکومت کا موقف وہی ہے جو یوسف رضا گیلانی پہلے ہی عدالت میں بیان کر چکے ہیں ۔