سپریم کورٹ میں این آر او فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت آج ہو رہی ہے۔ عدالت نے عملدرآمد کے لیے حکومت کو آج تک کی مہلت دی ہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی پر مشتمل پانچ رکنی خصوصی بینچ مقدمے کی سماعت کرے گا۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے سیکرٹری قانون کی جانب سے سوئس کیسز سے متعلق خط کے بارے میں جواب نہ دینے پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے سیکریٹری قانون، سیکریٹری داخلہ اور چئیر مین نیب کو نوٹسز جاری کیے تھے۔ عدالت نے حکم میں کہا تھا کہ حکومت کو این آر او کیس پر عملدرآمد کے لئے آخری موقع دیا جاتا ہے اور اگر دس جنوری تک عمل نہ ہوا تو عدالت کارروائی کرے گی۔ سپریم کورٹ نے چئیرمین نیب کو ہدایت کی تھی کہ وہ جائزہ لیں کہ کم اہلیت کے افراد کو اعلی عہدوں پر فائز کرنا نیب کے دائرہ اختیار میں آتا ہے یا نہیں۔ اس ضمن میں عدالت کیا کر سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکریٹری قانون اب تک عدالت کے حکم پر عمل درآمد نہیں کر سکے وہ بیرون ملک دورے پر ہیں۔