انگلینڈ : (جیو ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے اینڈریو سٹراس کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کپتانی سے ہٹانا بے وقوفی ہوگی، بطور کپتان ان کی کارکردگی بہت اچھی ہے تاہم انہیں بیٹنگ پر توجہ دینا ہوگی۔ اینڈریو سٹراس گزشتہ دو سالوں سے بیٹنگ میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے، انہوں نے آخری 50 ٹیسٹ میچوں میں صرف ایک سنچری سکور کی۔
ان کی ناقص کارکردگی پر سابق کرکٹرز نے خدشات کا اظہار کیا ہے اور انہیں کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سابق کپتان مائیکل وان نے اس مطالبے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اینڈریو سٹراس ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے فرائض احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں وہ تجربہ کار کپتان ہیں اور ان کی قیادت میں انگلینڈ نے عالمی نمبر ون بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
مائیکل وان نے بھی سٹراس کی بیٹنگ پر خدشات کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں اپنی کھوئی ہوئی فارم بحال کرنے کے لئے لمبی اننگز کھیلنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سٹراس کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ بہت جلد کھوئی ہوئی فارم بحال کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سٹراس کے لئے دورہ ویسٹ انڈیز بہت اہم ہوگا، انہیں ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی دکھانا ہوگی اگر وہ ایک لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو ان کا اعتماد بحال ہوجائے گا۔