سندھ (جیوڈیسک)گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ 7 ویں ایکسپو پاکستان سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور قومی معیشت میں اس کے دور رس نتائج سامنے آئینگے ۔ کراچی ایکسپو میں شروع ہونیوالی اس 4 روزہ تجارتی نمائش میں 70 ممالک کے وفود میں شامل ایک ہزار سے زائد تاجروں کی شرکت خوش آئند ہے جس سے پاکستان سے متعلق عالمی سطح پر مثبت تاثر بھی جائے گا۔
برآمد کنندگان حکومتی سہولتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قومی ترقی میں اپنا کردار اد ا کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کی شب گورنر ہاس میں ساتویں ایکسپو پاکستان کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹی ڈی اے پی )کے چیف ایگزیکٹو طاہر رضا نقوی ، وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر حاجی فضل قادر شیرانی اور وفاقی سیکریٹری تجارت منیر قریشی نے بھی خطاب کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ قومی برآمد ات میں مسلسل اضافہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ پاکستانی مصنوعات کے برآمد کنندگان اعلی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے برآمداد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں اور صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ گذشتہ برس 25 ارب ڈالر کی برآمداد کا ہدف پورا کرنے سے قومی ترقی میں مدد ملی ۔ امید ہے کہ حکومت اور نجی شعبہ کی باہمی شراکت سے قومی برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا اور غیر ملکی سرمایہ کاری بھی بڑھے گی۔