پشاور: (جیو ڈیسک) باجوڑ ایجنسی میں خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بائیس ہو گئی، جن میں چار لیویز اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔ ہیڈ کوارٹر خار بازار کو بند کر کے کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی چیکنگ کے دوران خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا دیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کا نشانہ تمغہ شجاعت حاصل کرنے والے ریٹائرڈ صوبیدار فضل ربی تھے جو دھماکے میں جاں بحق ہو گئے۔ دھماکے میں چار سیکیورٹی اہلکاروں سمیت سترہ افراد جاں بحق اور بیالیس زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں مزید پانچ افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بائیس ہو گئی ہے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے بازار کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور خار بازار میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ کالعدم تحریک طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی۔