پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں کھیلی جانے والی باچا خان انٹرنیشنل پیس ریسلنگ چیمپئن شپ پاکستان نے جیت لی، افغانستان دوسرے اور بھارتی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔
قیوم سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں کھیلی جانے والی ریسلنگ چیمپیئن شپ کے فائنل مقابلوں میں پاکستان، افغانستان اور بھارت کی ٹیمیں چھائی رہیں۔ تینوں ٹیموں کے پہلوانوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ نتائج کے مطابق پاکستان کی ٹیم نے چار طلائی، ایک چاندی اور دو کانسی کے تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
افغانستان کی ٹیم دو طلائی، چار چاندی اور ایک کانسی کے تمغے کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت کی ٹیم ایک طلائی، دو چاندی اور دو کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔
سری لنکا نے پانچ اور بنگلہ دیش نے تین کانسی کے تمغوں کے ساتھ بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام بلور نے میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔