پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامرخان اور لیمونٹ پیٹرسن کے درمیان ری میچ کا معاہدہ طے ہو گیا۔ دونوں باکسرز کا باکسنگ رنگ میں دوبارہ ٹکرائو انیس مئی کو لاس ویگاس میں ہوگا۔ عامر خان نے معاہدے کے تحت فائٹ سے ہونیوالی آمدنی برابر تقسیم کرنے سے اتفاق کر لیا ہے۔
گذشتہ سال دس دسمبر کوعامر خان لیمونٹ پیٹرسن کے آبائی شہر واشنگٹن میں متنازعہ طور پرڈبلیو بی اے اور آئی بی ایف کے ٹائٹلز ہار گئے تھے۔ عامر خان نے دوپوائنٹس کی کٹوٹی اور اسکور شیٹ میں رد و بدل کے خلاف اپیل کی تھی۔ ڈبلیوبی اے حکام نے مقابلے کے دوران بے قاعدگیوں کو تسلیم کرتے ہوئے گذشتہ ماہ ری میچ کا حکم دیا تھا۔
عامر خان کے پروموٹر رچرڈ شیفر کا کہنا ہے کہ فائٹ باکسنگ کی دنیا کے دارالحکومت لاس ویگاس میں ہوگی۔ جس میں گذشتہ فائٹ کے تمام تنازعات کا جواب رنگ میں مل جائیگا۔ عامر خان نے کہا کہ پیٹرسن اچھا باکسر ہے لیکن وہ دوبارہ مقابلے کے حقدار ہیں۔