لاہور ہائی کورٹ نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے تین پیسے اضافے کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا۔ لاہور ہا ئی کورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے فیول ایڈجسمنٹ کے خلاف 37 درخواستوں کی سماعت شروع کی تودرخواست گزاروں کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ نیپرا نے 29 دسمبر کو فیول ایڈجسمنٹ کے نام پر بجلی کی قیمت میں ایک روپے تین پیسے اضافہ کیا یہ اضافہ اپریل سے نافذ العمل تھا جبکہ اپریل کے بل پہلے ہی ادا کیے جا چکے ہیں اور اب فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دوبارہ بل وصول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ عدالت نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے نیپرا کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی وصولی سے تاحکم ثانی رد کر دیا ۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور نیپرا سے 3 ہفتے میںجواب طلب کیا ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے شاہانہ اخراجات پورے کرنے کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ کر رہی ہے ۔جس کا اثر غریب آدمی پر ہوتا ہے ۔