کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی برسات سے قبل نالوں کی صفائی اور سیوریج فلو کو ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے،نالوں اور سیوریج تنصیبات پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو بلا تفریق خاتمہ کرکے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا یا جائے ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے نکاسی آب کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ متوقع برسات کے پیش نظر نکاسی آب کے انتظامات کو بہتر بنا یا جائے اور دوران برسات عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی کے لئے رین ایمرجنسی پلان ترتیب دیا جائے مختلف علاقوں میں عوام وفود سے گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ حق پرست نمائندے عوامی سہولیات کی فراہمی اور علاقائی ترقی کو یقینی بنا نے کے لئے کوشاں ہیں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا نے کے لئے اداروں سے تعاون کیا جائے غیر قانونی فراہمی و نکاسی آب کے کنکشن کے حصول سے اجتناب کیا جائے اور نالوں اور سیوریج لائنوں میں کوڑ ا کرکٹ ڈالنے سے گریز کیا جائے تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا یا جا سکے۔