برطانیہ (جیوڈیسک) انگلینڈ کے شہر بریڈ فورڈ میں پاکستان میں ڈرون حملوں کیخلاف تین ہزار سے زائد افراد نے مظاہرہ کیا اور ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔پاکستان میں ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے کا اہتمام برطانیہ کی انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے کیا گیا تھا۔ جس کی قیادت ریسپکٹ پارٹی کے سربراہ رکن برطانوی پارلیمنٹ جارج گیلووے نے کی۔ مظاہرے میں پاکستانیوں سمیت مختلف ممالک کے افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن میں ڈرون حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
عمران خان نے مظاہرین سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک لاکھ افراد کو لے کر امن مارچ کے لئے وزیرستان جائیں گے۔ ڈرون حملے امریکہ اور اتحادی ممالک کے خلاف نفرت میں اضافہ کر رہے ہیں۔ ان میں زیادہ تر بے گناہ افراد مارے جاتے ہیں۔ رکن برطانوی پارلیمنٹ جارج گیلووے نے مظاہرین سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان پر ہونے والے ڈرون حملوں میں پاکستانی حکمرانوں کی مرضی بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ بے گناہ افراد کو شہید کئے جانے پر احتجاج جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر نومسلم برطانونی خاتون صحافی یووان ریڈلی نے کہا کہ وہ برطانونی خواتین کا قافلہ لے کر وزیرستان کے امن مارچ میں شریک ہوں گی۔