لندن : برطانیہ کے مختلف شہروں میں پولیس پر حملوں ، جلاو گھیراو اور لوٹ مار کے واقعات کا سلسلہ اب تقریبا تھم چکا ہے۔ ہنگامہ آرائی کے الزام گرفتار افراد کی تعداد بارہ سو سے تجاوز کرگئی ہے۔لندن کے باسیوں کی یہ دوسری رات ہے جو انہیں کسی ہنگامے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ زندگی معمول کی طرف لوٹ رہی ہے اور سڑکوں پرمسلسل پولیس اہل کار گشت کررہے ہیں۔ لندن میں لوٹ مار ، جلاو گھیراو اور پولیس پر حملوں کے الزام میں مجموعی طورپر 805 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر علاقوں سے گرفتار افراد کی 450 سے زائد ہے۔ مانچسٹر ، لیور پول اور برمنگھم سمیت شمالی اور وسطی انگلینڈ کے دوسرے شہروں میں بھی صورت حال نسبتا پرسکون ہے۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے قومی سلامتی کے بحرانوں پر غور کرنے والے کمیٹی کوبرا کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس کو فائٹ بیک کرنے کی ضرورت ہے اور فائٹ بیک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات بہتر بنانے کے لئے پولیس کو جتنے وسائل کی ضرورت ہے وہ مہیا کئے جائیں گے۔