جئے سندھ قومی محاذ کے چئرمین بشیر قریشی اور ساتھی بدر خان کو عدالت نے چار روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ بشیر قریشی کو گذشتہ شب ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔ بشیر قریشی کے ایک ساتھی شیراز خان کو اسلحہ لائسنس دکھانے پر رہا کردیا گیا۔ بشیر قریشی کوجوڈیشیل مجسٹریٹ نے 20ستمبر کو دوبارہ عدالت میں طلب کیا ہے۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ رحمان ملک جھوٹے ہیں پیپلز پارٹی میں رحمان ملک جیسے لوگ دہشتگردوں کوتحفظ دیتے ہیں۔ بشیر قریشی نے کہاکہ اسلحہ کے حوالے سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں ۔ انھوں نیکہا کہ قاتل آزاد گھوم رہے ہیں بے گناہوں کو پکڑا جارہا ہے ۔ بشیرقریشی کو بکتربند گاڑی میں سخت سیکیورٹی میں لایا گیا۔ اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔