لاہور : (جیو ڈیسک) جمہوری وطن پارٹی کے صدر شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ حکمران طبقہ نے اپنی روش نہ بدلی تو بلوچستان دوسرا بنگہ دیش بن سکتا ہے۔ ٹیک سوسائٹی لاہور کے رہائشیوں نے بلوچ عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کینال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین سے ملاقات کے لیے شاہ زین بگٹی ساتھیوں کے ہمراہ آئے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ڈکٹیٹرشپ اور حکمرانوں کی جانب سے بلوچستان کے حقوق کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جس کے باعث بلوچ عوام میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ سرداروں کے خلاف مقدمات واپس لینے سے کچھ نہیں ہو گا بلکہ حکومت کو چاہیے کہ بلوچ عوام کا اعتماد بحال کرے۔ مظاہرین نے بلوچ عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔