پنجاب (جیوڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان ایشو میں میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں، بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اگر کسی گرینڈ الائنس کی ضرورت پڑی تو ہم اس کی مکمل حمایت کرینگے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے سربراہ نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ ایک سنگین مسئلہ ہے اسے نظر انداز کرنا درست نہیں۔ میں جان بوجھ کر اس معاملے کے حوالے سے حکومت پر تنقید نہیں کر رہا۔ بلوچستان کا مسئلہ ساڑھے چار سالوں سے بڑھتا جا رہا ہے۔
حکومت وقت کا فرض تھا کہ وہ ساڑھے چار سالوں میں اس کا نوٹس لیتی اور بلوچ عوام کی احساس محرومیوں کو ختم کرتی لیکن معصوم لوگوں کو لاپتہ کر دیا گیا اور حکومت نے کچھ نہ کیا۔ حکومت بتائے کہ انہیں کس آئین کے تحت گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام کو ایسے زخم دیئے گئے ہیں جنہیں بھرنا بہت مشکل ہے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ بلوچوں نے اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے چھ نکات پیش کردیئے ہیں اگر ابھی انہیں نظر انداز کردیا گیا تو پھر ان مطالبات کو پورا کرنے کا وقت نہیں ملے گا۔