سابق وزیر اعظم ظفر اللہ جمالی نے کہا ہے کہ اختر مینگل سے نواز شریف عمران خان اور منور حسن کی ملاقاتیں صرف انتخابی کھیل ہے ۔ زرائع سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم ظفر اللہ جمالی نے کہا کہ وقت کم ہے انتخابات سے پہلے بلوچستان کا کچھ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اختر مینگل باور کروا رہے ہیں انتخابات ان کی ترجیح نہیں اور بد قسمتی سے اب بھی بلوچستان پر سیاست چمکائی جارہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ حالات بہتر کرنے کی بجائے شہ دی جارہی ہے، اگر جنرل مشرف نے بلوچستان میں بگاڑ پیدا کیا تھا تو یہ ساڑھے چار سال کیا کرتے رہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سر جوڑ کر بیٹھنے اور سنجیدگی ظاہر کرکے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ظفر اللہ جمالی نے کہا کہ ایجنسیوں کا کردار کیا صرف بلوچستان تک محدود ہے۔ ایجنیساں مکمل سسٹم کا حصہ ہیں اور تمام صوبوں میں ان کا کردار ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ حکمران بلوچستان کے حوالے سے مجرمانہ غفلت برتتے ہیں اور بلوچستان کے حالات بہتر کرنے کے لیے کوئی کچھ نہیں کرتا۔ ظفر اللہ جمالی نے واضح کیا کہ بلوچستان کے معاملات ہاتھ سے نکل رہے ہیں اگر کوئی حادثہ ہوا تو ذمہ داروں کا تعین ابھی سے کرلینا چاہیے۔