بنوں (جیو ڈیسک) بنوں میں آپریشن ختم ہونے کے بعد تھانے کو کلئیر کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق دو شرپسند ہلاک جبکہ شرپسندوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید ہوا اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ شہر میں کرفیو نافذ ہے۔ شرپسندوں کی لاشیں سکیورٹی فورسز اپنے ساتھ لے گئے۔
آج صبح دو برقعہ پوش بنوں پولیس اسٹیشن میں داخل ہوئے،برقعہ پہنے ہوئے دونوں خودکش حملہ آور تھے، ایک خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا،ایک گولی لگنے سے ماراگیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیاہے ۔ شرپسندوں کے حملے میں 2پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
فورسز تھانے میں موجود ہیں جبکہ عمارت کو سرچ کیا جارہا ہے ۔ بنوں شہر میں گزشتہ رات سے شر پسندوں کے داخلے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ ڈی پی او بنوں وقار احمد بنوں کے مطابق کوئیک ریسپانس فروس نے 15 منٹ کے اندر اندر کاروائی کرتے ہوئے شر پسندوں کے فرار کو ناکام بنادیا۔ ڈی پی اور وقار احمد کہتے ہیں کہ عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو جیت سکتے ہیں، شر پسندوں کے مذموم مقاصد کو ہمیشہ اسی طرح ناکام بنائیں گے۔
برقع پوش شرپسندوں نے دھماکے سے تھانے کا دروازہ اڑادیا تھا شرپسندوں نے عمارت میں داخل ہوکر اہلکاروں کو یرغمال بنالیا اطلاع پر دیگر تھانوں سے نفری طلب کر کے تھانے کا گھیرلیاگیا۔ شرپسندوں اور اہلکاروں میں جھڑپ ہوئی جس کے بعد سیکورٹی فورسز کی مدد حاصل کی گئی اور کارروائی کرکے یرغمالی اہلکار بازیاب کرا لئے گئے۔