بنوں (جیو ڈیسک)بنوں میں پرانا سٹی تھانے پر شرپسندوں نے حملہ کردیا جس کے بعد کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈی پی او کے مطابق شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
بنوں میں صبح سویرے جدید اسلحے سے لیس شرپسندوں نے پرانا سٹی تھانے پر دھاوا بول دیا۔ پولیس کے مطابق شرپسند برقعے پہن کر تھانے پر حملہ آور ہوئے۔انھوں نے دھماکا کرکے تھانے کا مرکزی دروازہ اڑایا اورعمارت میں داخل ہوکر اہلکاروں کو یرغمال بنالیا۔ واقعے کی اطلاع پر دیگر تھانوں سے نفری طلب کی گئی جس نے تھانے کا گھیرا کرلیا۔ اس دوران شرپسندوں اور پولیس اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔ حالات پر قابو پانے کیلئے سیکورٹی فورسز کی مدد حاصل کی گئی۔
ڈی پی او بنوں کے مطابق حالات کو قابو میں رکھنے کے لئے شہر میں کرفیو نافذکردیا ہے۔ سیکورٹی فورسز اور پولیس نے کارروائی کرکے یرغمالی اہلکار بازیاب کرالئے۔ ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق تھانے سے فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں وقفے وقفے سے آتی رہیں۔ تھانے کی عمارت میں آگ لگ گئی ہے۔