اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے اکبر بگٹی کیس میں سابق وزیر داخلہ آفتاب شیر پاؤ کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے انہیں ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آفتاب شیر پاؤ کے وکیل افتخار گیلانی نے کہا کہ شیرپاؤ کو جھوٹے اور بے بنیاد کیس میں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ ضمانت کیلیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کریں۔ افتخار گیلانی نے کہا کہ سپریم کورٹ اہم مقدمات میں براہ راست ضمانت کی درخواست سنتی رہی ہے۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے ضمانت مسترد کی۔ اس کے خلاف یہاں آئے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آفتاب شیر پاؤ ضمانت پر ہیں۔ ہراساں کرنے کی بات محض خیال ہے جس پر افتخار گیلانی نے کہا کہ انہیں ٹرائل کورٹ پر اعتماد نہیں ہے تو چیف جسٹس نے جواب دیا کہ کل آپ سپریم کورٹ پر بھی عدم اعتماد ظاہر کر دیں گے۔