بھارت (جیوڈیسک) جے پور بھارتی ریاست راجستھان میں مسلسل چار روز سے جاری موسلا دھار بارش نے تباہی مچادی ہے،سکر شہر کی گلیوں اور سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا،شدید بارشوں سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ مون سون بارشوں نے ان دنوں راجستھان کا رخ کیا ہوا ہے، جہاں مسلسل بارش سے نظام زندگی معطل ہو کررہ گیا ہے،دریائے نارولی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔
کئی مقامات پردریا کے بند ٹوٹنے سے متعدد گاوں اور سیکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آگئی ہے۔ دارلحکومت جے پور سمیت مختلف اضلاع میں حادثات اور سیلابی ریلے میں بہہ کر اب تک33افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع سکر ہے جہاں درجنوں مکانات گرگئے اور سیکڑوں افراد بے گھر ہو کر کیمپوں میں مقیم ہیں۔ بھارتی فوج اور ریسکیو ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔