بھارت (جیوڈیسک) بھارت میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی کیخلاف ملک بھر میں ہفتہ کے روز بھی احتجاج جاری رہا ہزاروں مظاہرین نے ایوان صدر کے باہر مظاہرہ کیا۔ مشتعل افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی کیخلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔ نئی دہلی میں ایوان صدر کے باہر ہفتہ کے روز مشتعل افراد نے ایوان صدر میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ بھی ہوئی۔ پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کر کے مظاہرین کو منتشر کیا۔ نئی دہلی کے انڈیا گیٹ پر بھی سینکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا۔
سابق آرمی چیف وی کے سنگھ نے بھی مظاہرے میں شرکت کی اور ان واقعات کو ناقابل معافی قرار دیا۔ زیادتی کے واقعہ کیخلاف دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ملزموں کو موت کی سزا سنائی جائے اور زیادتی کیخلاف مزید سخت قوانین بنائے جائیں۔ پولیس نے زیادتی میں ملوث چھ ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔