لاہور (جیوڈیسک) پاک بھارت کشیدگی کے باعث بھارت میں پاکستانی فنکاروں کی فلموں کی نمائش پر غیر یقینی صورتحال طاری ہو گئی۔ پاکستانی اداکار فواد خان اور عمران عباس نے کرن جوہر کی فلم اے دل ہے مشکل میں انوشکا شرما، رنبیر کپور اور ایشوریہ رائے کے ساتھ کام کیا ہے ۔ فلم کی نمائش کے لئے 28 اکتوبرکی تاریخ دی گئی ہے۔
اداکارہ ماہرہ خان نے فلم رئیس میں شاہ رخ خان کے مقابل مرکزی کردارنبھایا ہے جس میں فرحان اختر اور نواز الدین صدیقی بھی شامل ہیں ۔ پاکستان میں سینما مالکان نے بالی ووڈ فلموں کی نمائش پر پابندی لگا دی ہے۔
دوسری طرف انتہا پسند ہندو تنظیمیں بھارت میں پاکستانی فنکاروں کی فلموں کی نمائش روکنے کے لئے احتجاج کر رہی ہیں اور فلمسازوں کودھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔ ان حالات میں بھارتی فلموں میں کام کرنے والے فنکار شدید پریشانی کا شکار ہو چکے ہیں۔