نئی دہلی (جیوڈیسک) قاتل مودی واپس جا طلبہ کے نعرے، پولیس نے طلبہ کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور پانی کا چھڑکا کیا۔ بھارت کے ہندو انتہا پسند رہنماء نریندر مودی کی نئی دہلی میں موجودگی کیخلاف سینکڑوں بھارتی طلبہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ان کیخلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ اس دوران پولیس نے احتجاجی طلبہ کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور پانی کا چھڑکا بھی کیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کی بڑی اپوزیشن جماعت بی جے پی کے آئندہ سال کیلئے نامزد وزیراعظم نے سری رام کالج آف کامرس میں ایک تقریب سے خطاب کرنے کیلئے پہنچے تو اس دوران وہاں پر سینکڑوں طلبہ اکٹھے ہو گئے اور انہوں نے نریندر مودی کیخلاف نعرہ بازی شروع کر دی۔ احتجاجی طلبہ قاتل مودی واپس جا جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
اس دوران پولیس نے احتجاجی طلبہ کو کالج کے گیٹ سے باہر نکالنے کیلئے کوشش کی اور نریندر مودی کے گرد حفاظتی حصار قائم کیا۔ پولیس نے احتجاجی طلبہ کو مذکورہ جگہ سے ہٹانے کیلئے لاٹھی چارج اور پانی کا چھڑکا بھی کیا۔ واضح رہے کہ بھارتی ریاست گجرات کے مسلمان مخالف وزیراعلی نریندر مودی کے دور حکومت میں خونریز ہندو مسلم فسادات ہوئے جس میں تقریبا دو ہزار افراد کی اموات واقع ہوئیں جن میں اکثریت مسلمانوں کی تھی۔
کالج کے شعبہ سیاسیاست سے وابستہ ایک طالبعلم دیوا مہرا نے اس موقع پر کہا کہ ہم یہ نہیں چاہتے کہ نریندر مودی جس کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں ہماری یونیورسٹی کو چھوئے۔ ہم ایسی قیادت کو تسلیم نہیں کرتے جو بے گناہ لوگوں کا قتل کرے اور اس پر شرمندگی کی بجائے اپنی کامیابی کی داستیں بیان کرے۔