بھارت میں ایک ذہنی مریض شخص نے بس کو سڑک کی مخالف سمت میں چلا کر نو افراد کو کچل دیا۔ تیس افراد زخمی ہوگئے جبکہ چالیس سے زائد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ واقعہ بھارتی شہر پونا میں پیش آیا جہاں ایک ذہنی مریض شخص نے بس میں سوار ہوکر اسے سڑک کے مخالف سمت چلانا شروع کردیا ۔ مخالف سمت پر بس آنے کی وجہ سے کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جبکہ بس چلانے والے ذہنی مریض شخص نے بھی کئی افراد کو کچل دیا ۔ واقعے میں نو افراد کی ہلاکت اور تیس کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے ۔ حادثے میں چالیس سے زائد گاڑیاں تباہ ہوگئیں ۔ بعد میں پولیس نے ملزم کو قابو کرلیا جس کا نام سنتوش مانی بتایا جا رہا ہے اور اس کی عمر تیس سال کے قریب ہے ۔ پولیس ملزم سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔