بھارتی برآمد کنندگان کا وفد 21 دسمبر کو پاکستان آئے گا

India Pakistan

India Pakistan

اسلام آباد(جیوڈیسک)بھارتی برآمد کنندگان کا وفد 21 دسمبر کو پاکستان آئے گا، پاک بھارت تجارت کا حجم6 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔

بھارتی برآمد کنندگان کا 65 رکنی وفد 21 دسمبر سے پاکستان کے دورے پر کراچی پہنچے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی برآمدکنندگان کے عہدیدار نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ ملنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 6 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔

بھارتی بزنس کمیونٹی کے 65 ارکان پر مشتمل وفد 21 سے 23 دسمبر کے دورہ کے دوران ایف آئی ای او اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے کراچی ایکسپو سینٹر میں بھارتی مصنوعات کی نمائش میں شرکت کرے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان ایک ہزار 209 آئٹمز پر مشتمل منفی فہرست کے خاتمے سے آئندہ تین سال کے دوران دونوں ممالک کی باہمی تجارت 6 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گی جو اس وقت 2 ارب ڈالرز تک محدود ہے۔