ممبئی(جیوڈیسک) ممبئی بھارتی فلموں کی ماضی کی ممتاز اداکارہ و گلوکارہ ثریا نو سال پہلے ہم سے جدا ہو گئیں تھیں۔ انیس سو اکتالیس میں ثریا شیخ جمال بارہ برس کی عمر میں فلم تاج محل میں چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے پہلی بار فلموں میں آئیں۔ اس کے فورا بعد انہوں نے فلموں میں گانا بھی شروع کردیا۔
ثریا چالیس اور پچاس کی دہائیوں میں بھارتی فلموں کی بہت مقبول اداکارہ تھیں، اگرچہ دیو آنند کے ساتھ ان کی چھ فلمیں زیادہ کامیاب ثابت نہیں ہوئیں لیکن ان کا عشق خوب پروان چڑھا، ثریا کئی برس تک بالی وڈ میں سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی اداکارہ رہیں۔
پیار کی جیت بڑی بہن اور دلگی جیسی ہٹ فلموں کے بعد وہ گھر گھر مقبول ہوگئیں۔بطور اداکارہ ان کی کامیاب فلموں میں انمول گھڑی۔۔۔مرزا غالب اور رستم و سہراب خاص تھیں۔ انیس سو تریسٹھ میں رستم و سہراب کے بعد انہوں نے چونتیس سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ اختیار کرلی وہ ممبئی میں اپنے بڑے سے فلیٹ میں تنہا رہنے والی،ثریاآج ہم میں نہیں ہیں ، مگر ان کا فن آنے والے فنکاروں کے لئے مشعل راہ رہے گا۔