رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بیرونی سرمایہ کاری میں سینتس فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی مخدوش صورتحال ، توانائی بحران اور سیاسی غیر یقینی صورتحال سرمایہ کاری میں کمی کے بڑے محرکات ہیں اور مالی سال دوہزار گیارہ اور بارہ کی پہلی ششماہی میں بیرونی براہ راست سرمایہ کاری ایف ڈی آئی جو گزشتہ سال کے اسی دورانیے میں ایک ارب ڈالر تھی کم ہوکر تین سو چھیاسی ملین ڈالر تک آگئی ہے جس سے چھ سو پچھتر ملین ڈالر کی کمی ظاہر ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں ملک سے باہر جانے والے سرمائے میں ایک سو پینسٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے اور جولائی سے دسمبر تک ایک سو چوالیس ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ملک سے باہر منتقل ہوئی ہے۔