چین کی ہاکی ٹیم کی آمد کیساتھ پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کی بحالی کا آغاز ہوگیا۔ چین کی ہاکی ٹیم پاکستان کے ساتھ چار ٹیسٹ میچوں پر مبنی سیریز کھیلے گی۔ سیریز کے پہلے دو میچز کراچی میں بدھ اور جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔ تیسرا میچ ہفتے کو فیصل آباد اور چوتھا وآخری میچ اتوار کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچز دوپہر دو بجے شروع ہوں گے اور گراونڈ میں تماشائیوں کا داخلہ مفت ہوگا۔ ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے پاک ،چین سیریز کو بیحد اہمیت حاصل ہے۔ سیریز کے کامیاب انعقاد سے دیگر غیر ملکی ٹیموں کی پاکستان آمد کی راہ ہموار ہوگی۔ چینی ٹیم کی حفاظت کیلئے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔مہمان ٹیم کے ہمراہ کمانڈوز اور رینجرز تعینات ہوں گے اور تمام راستے عام ٹریفک کیلئے بند کردئیے جائیں گے۔