اسلام آباد : سپریم کورٹ میں بینظیر قتل کیس کی دوسری ایف آئی آر کے اندراج سے متعلق اپیل کی سماعت کیلئے پانچ مارچ کی تاریخ مقرر کر دی گئی، جواب داخل نہ کرانے پر سابق صدر پرویز مشرف، رحمان ملک اور بابر اعوان کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں عدالت عظمی کا لارجر بنچ بینظیر بھٹو کے سابق پروٹوکول افسر چوہدری اسلم کی درخواست پر پانچ مارچ کو سماعت کرے گا۔
رحمان ملک، بابر اعوان اور پرویز مشرف کی جانب سے جوابات داخل نہ کرانے پر انہیں دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔ چوہدری اسلم نے اپنی درخواست میں استدعا کی تھی کہ بینظیر بھٹو قتل کیس کی نئی ایف آئی آر درج کی جائے جس میں سابق صدر پرویز مشرف، بابر اعوان، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور سینئر وفاقی وزیر چوہدری پرویز الہی سمیت بارہ افراد کے نام شامل کئے جائیں۔