بے گناہ افراد کو حراست میں رکھنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ زبیر صفدر

اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ زبیر صفدر نے ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام اسلام آباد میں دھرنے میں شرکت کی ۔دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں قیدبے گناہ افراد کو بازیاب کیا جائے ۔بے گناہ افراد کو تحویل میں رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے لاپتہ افراد کے ورثاء کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔ زبیر صفدر کا مزید کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور پڑھے لکھے افراد کو اٹھایا جا رہا ہے۔ملک کے خفیہ ادارے امریکہ کی ایما پر اپنے ہی ملک کے افراد کو اغوا کر رہے ہیں ۔جس سے ملک کے اندر امریکی مداخلت واضح نظر آرہی ہے جب تک امریکی غلامی کا طوق گلے سے نہیں اتارہ جاتا ملک کے اندر امن قائم نہیں ہو سکتا۔ناظم اعلیٰ جمعیت نے مزید کہا کہ امریکی کانگریس میں آزاد بلوچستان کی قرادار پیش کرنے پر امریکہ کو منہ توڑ جواب دیکر قومی غیرت وحمیت کا ثبوت دیا جائے۔ امریکہ سب سے بڑا دہشت گرد ہے اور اب اس عالمی دہشت گرد کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہے۔ آج پاکستان کے خراب حالات امریکہ ہی کے بدولت ہیں اور یہ خرابی ہمارے حکمرانوں کو نظر نہیں آتی اور وہ آج بھی امریکی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے بے چین نظرہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پورا پاکستان نام نہاد امریکی دوستی کی وجہ سے سورش زدہ ہے اور اب پاکستان کا کوئی شہر کوئی علاقہ تخریب کاری سے محفوظ نہیں رہا۔ امریکہ بلوچستان کے حالات خراب کر کے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار بنا رہا ہے انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت پاکستان امریکی کانگریس میں پیش ہونے والی قراردار کے خلاف عوامی امنگوں اور قومی غیرت کو مد نظر رکھتے ہوئے ناٹو سپلائی بند کرے اور امریکہ سے ہر سطح کے تعلقات اس وقت تک ختم کئے جائے جب تک امریکہ اس قراردارکے پیش ہونے پر پاکستان سے معافی نہیں مانگتا۔زبیر صفدر نے لاپتہ افراد کے ورثاء کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ان کے پیاروں کی واپسی کے لئے ممکنہ جدوجہد میں ان کا ساتھ دے گی۔اور جو بھی ممکنہ اقدامات ہو سکے انہیںاستعمال کیا جائے گا۔