تحریک انصاف کا امن مارچ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ہتھالہ سے وزیرستان کیلیے روانہ ہونے کیلیے تیار ہے جبکہ امن مارچ کو روکنے کیلئے مانجی خیل پر کنٹینر لگا دیئے گئے ۔ڈرون حملوں کے خلاف جنوبی وزیرستان کی جانب تحریک انصاف کی ریلی کے شرکا گزشتہ رات ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے جس میں ہزاروں کارکن شریک ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں آنے والے قافلے کا ڈیرہ اسماعیل خان میں شاندار استقبال کیا گیا ۔تحریک کے کارکن شہر شہر اور گاں گاں سے کارواں میں شامل ہو ئے ۔عمران خان سمیت تحریک انصاف کے راہنماء ڈیرہ کے نواحی علاقے ہتھالہ میں ٹھہر ے ہیں ۔ یہاں رات گزارنے کے بعد مارچ کے شرکا صبح سات بجے اپنی منزل کوٹ کئی روانہ ہوں گے۔
اس کے بعد وہ ٹانک پہنچیں گے لیکن امن مارچ میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر ٹانک انتظامیہ نے شرکا کو شہر میں داخلے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔امن مارچ کو ٹانک داخلے سے روکنے کے لیے چودہ سو سے زائد پولیس اہلکاراور ایف سی کی پانچ پلاٹون تعینات کرنے کے ساتھ ضرورت پڑنے پر فوج بھی طلب کی جائے گی ۔
جلوس کو روکنے کے لیے ٹانک مانجھی خیل ،کوڑ قلعہ جنوبی وزیرستان شاہراہ، بنوں ، پیزو ، لکی مروت شاہراہ پر کنٹنیرز پہنچا دئیے گئے ہیں ، شاہراہوں پر پولیس ، خاصہ دار فورس اور لیویز اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے ، پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جنوبی وزیرستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔