اسلام آباد(جیوڈیسک)لاہور، اسلام آباد، کراچی اور حیدر آباد سمیت کئی شہروں سے آج آٹھویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس نکالے جائیں گے۔
اسلام آباد میں آٹھویں محرم کا مرکزی جلوس تین بجے جی 6 سے برآمد ہو کر مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت جی 6 کی امام بارگاہ میں ہی اختتام پذ یر ہو گا۔ دوسرا مرکز ی جلوس بعد نماز جمعہ جی 9 پشاور موڑ سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اذان مغرب سے قبل جی 9 پشاور پر ہی اختتام پذیر ہو گا۔ لاہور میں بھی آٹھویں محرم کے جلوس نکالے جائیں گے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مختلف مقامات پر اختتام پذیر ہوجائیں گے۔ جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں اور شرکا کو بھی سخت چیکنگ کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت ہو گی۔
کراچی میں 8 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے بعد نماز جمعہ کے بعد برآمد ہوگا جو نمائش، صدر، ریگل چوک، ایم اے جناح روڈ، جامعہ کلاتھ، لائٹ ہاوس، سٹی کورٹ اور پان منڈی سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہو گا۔ حیدر آباد میں آج9 جلوس نکالے جائیں گے جبکہ مرکزی جلوس امام بارگاہ بوتراب سے برآمد ہو کر مارکیٹ سول اسپتال اور دیگر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت امام بارگاہ بوتراب میں اختتام پذیر ہوگا۔