تنازعات سے پاک انگلینڈ، پاکستان سیریز کی امیدیں ماند

cricket

cricket

کرکٹ گرانڈز میں انیس سوچون میں پہلی سیریز سے اب تک پاک، انگلینڈ کرکٹ سیریز شائد ہی کبھی تنازعات پاک رہی ہو۔ یو اے ای میں ماضی بھلا کر تنازعات سے پاک سیریز کی امیدیں دبئی ٹیسٹ کے پہلے ہی دن ماند پڑگئیں۔ جب انگلش میڈیا نے سعید اجمل کی شاندار بولنگ پر انگلیاں اٹھانا شروع کر دیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز ہمیشہ تنازعات سے بھرپور رہی ہیں۔بعض تنازعات کو بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی۔انیس سوچوہتر میں لارڈزٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کے منیجر عمرقریشی نے الزام لگایا کہ گذشتہ روز کی پچ خراب کی گئی ہے۔ میچ بارش کے باعث ڈرا ہوگیا۔انیس سوستاسی کے ملتان ٹیسٹ میں انگلش کپتان مائیک گیٹنگ کے بولنگ کے دوران فیلڈنگ تبدیل کرنے پر امپائرشکور رانا نے اعتراض کیا۔ گیٹنگ ٹیم باہر لے گئے۔ تیسرے دن کھیل ایک گھنٹہ تاخیرسے مائیک گیٹنگ کی معذرت کے بعد ہی شروع ہوا۔
انیس سوبانوے کے دورئہ انگلینڈ میں ٹوڈبلیوز وسیم اور وقارنے تینتالیس وکٹیں لیکرانگلش بیٹنگ تہس نہس کردی تو ان پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگایا گیا چوتھے ون ڈے میں لوکل امپائرز نے گیند تبدیل کردی۔ چارسال بعد عمران خان کے اس بیان پر بال ٹیمپرنگ دنیاکا ہر فاسٹ بولرکرتاہے۔انگلینڈ کے این بوتھم اورایلن لیمب نے عمران خان پر مقدمہ کیا۔عمران خان یہ مقدمہ جیت گئے۔
دو ہزار چھ کے اوول ٹیسٹ میں متنازعہ امپائر ڈیرل ہیئرکے بال ٹیمپرنگ کے الزام کے بعد کپتان انضمام الحق نے چائے کے وقفے کے بعد کھیل جاری رکھنے سے انکار کردیا اور پاکستان کوفورفیٹ قراردیکر میچ کا فیصلہ انگلینڈ کے حق میں کردیاگیا۔ دوہزاردس میں گذشتہ دورئہ انگلینڈ میں تنازعات کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے اور لارڈز ٹیسٹ کے دوران منظرعام پرآنیوالے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے نتیجے میں تین پاکستانی کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمدعامر پابند سلاسل ہو گئے۔