لاہور(جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ توانائی بحران کے حل کے لیے ملکی وسائل کا بھرپور استعمال اور سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ماحول بنانا بہت ضروری ہے۔
مسلم لیگ کی منشور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میاں محمد نوازشریف کا کہنا تھا کہ ساٹھ سالہ پرانے محصول چونگی کے نام پر بھتہ خوری کا خاتمہ مسلم لیگ ن کے دورمیں ہوا ۔ توانائی کے لیے ملکی وسائل کا بھرپور استعمال اور سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ماحول ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے منشور کی تیار کردہ دستاویز نعرہ نہیں عملی حقیقت کا اظہار ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ سہولتوں کی فراہمی سے درکار وسائل معیشت کو تیز رفتار ٹریک پر ڈال کر ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔ن لیگ کا منشور اس عزم کا اظہار ہے کہ خطے میں ملک کو ترقی کا رول ماڈل بنائیں گے۔نواز شریف نے اجلاس میں منشور تیار کر نیوالے ماہرین کی تعریف کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا ۔منشور کمیٹی کے اجلاس میں گزشتہ تین ادوار کی منشور پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔