لاہور : (جیو ڈیسک) پاکستان میں ایران کے سفیر علی رضا نے کہا ہے کہ دوطرفہ تجارت کا حجم دس ارب ڈالر تک لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں مگر اس کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
لاہور چیمبرآف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان بجلی اور گیس کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ دونوں ممالک کو کاروباری روابط بڑھانے چاہئیں۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کو سنگل کنٹری نمائش اور تجارتی وفود کے تبادلے پر توجہ دینا ہوگی جس سے تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر لاہور چیمبرآف کامرس کے صدر عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ تجارت کا توازن ایران کے حق میں ہے جس کو برابری کی سطح پر لانا چاہیے۔