لاہور(جیوڈیسک)آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمان کا کہنا ہے کہ توقیر صادق قومی مجرم ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے گورنر ہاس سمیت جہاں بھی جانا پڑا جائیں گے۔
توقیر صادق کیس میں سپریم کورٹ سے سرزنش کروانے کے بعد آئی جی پنجاب نے ہنگامی اجلاس بلایا جس میں آئی جی موٹر ویز ظفر عباس لک ، اے آئی جی اسلام آباد طاہر عالم اور ڈی جی نیب شیخ عرفان شریک ہوئے۔ اجلاس کا مقصد توقیر صادق کی گرفتاری سمیت لوٹی ہوئی رقم کی واپسی اور اس سے استفادہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی تھا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمان کا کہنا تھا کہ توقیر صادق قومی مجرم ہے جس نے 84 بلین کا فراڈ کیا ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ انہوں نے پنجاب پولیس کا21 اہلکاروں پر مشتمل سکواڈ تشکیل دیا ہے جو نیب کو تعاون فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ سے توقیر صادق کو اشتہاری قرار دینے کے لیے درخواست کی جائے گی جبکہ توقیر صادق کی تمام جائیداد بھی کرک کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقیر صادق اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے قانون گورنر ہاؤس سمیت ہر جگہ حرکت میں آئے گا۔