اسلام آباد (جیو ڈیسک)سپریم کورٹ نے توہین عدالت کے نئے قانون کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے لئے لارجر بنچ تشکیل دے دیا۔ سماعت پیر سے ہوگی ۔ توہین عدالت ایکٹ دو ہزار بارہ کے خلاف دائر کی گئی متعدد درخواستوں کی سماعت کے لئے سپریم کورٹ نے پانچ رکنی لارجر بنچ تشکیل دیاہے۔ پانچ رکنی بینچ کی سربراہی چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کریں گے۔
لارجر بینچ میں جسٹس میاں شاکر اللہ جان، جسٹس تصدق حسین جیلانی، جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف حسین شامل ہیں۔ ایک ہفتے پہلے توہین عدالت کے نئے قانون کو سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں چیلنج کیا گیا تھا۔عدالت نے پیٹشن سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وفاق اور اٹارنی جنرل سے تئیس جولائی کو جواب طلب کیا تھا۔
اعلی عدلیہ کے ججز کا ریمارکس میں کہنا تھا درخواست میں جونکات اٹھائے گئے ہیں وہ اہم اور قابل غور ہیں۔ سپریم کورٹ نے سماعت کے لئے دیگر درخواستوں کو یکجا کرکے اس پٹیشن سے ملانے کا حکم دیا تھا۔