اسلام آباد : (جیو ڈیسک) توہین عدالت کیس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے وکیل اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ میں صرف یہ ثابت کرنا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم نے توہین عدالت نہیں کی۔ وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ میں کسی کے خلاف کارروائی نہیں مانگ رہا، نہ ہی کسی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عدالت میں جج صاحبان معترض تھے کہ میں جرح کر رہا ہوں جبکہ میں جرح کے سوال نہیں کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سیکریٹری کابینہ گواہ کے طور پر پیش ہوئی ہیں، جس نے بھی کسی شخص کے ساتھ کام کیا وہ اس کی گواہی دے سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ میں صرف یہ ثابت کرنا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم نے توہین عدالت نہیں کی۔ آئین و قانون کے مطابق فیصلوں پر کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جسٹس رمدے کے گھر بن بلائے گئے، ان کے بن بلائے جانے میں بھی میرا ہاتھ تھا۔ اس وقت ایگزیکیٹو اور عدلیہ میں بہت ٹینشن تھی۔