کراچی : (جیو ڈیسک) بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو اولمپکس میں شرکت کیلئے وائلڈ کارڈ اینٹری مل گئی لیکن وہ پھر بھی آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن سے ناراض ہیں۔ لندن اولمپکس کے انعقاد میں ابھی ایک ماہ سے بھی کم کا عرصہ رہ گیا لیکن بھارتی ٹینس کا بحران ہے کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا، پہلے مہیش بھوپاتی اور روہن بوپننا نے لیانڈر پیز کا ڈبلر پارٹنر بننے سے انکار کیا تو اب پیز کی میگا ایونٹ میں شرکت یقینی بنانے کیلئے ثانیہ مرزا کو انکا ڈبلر پارٹنر بنادیا گیا، ایک پریس ریلیز کے ذریعے بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کہا کہ حکام کے متعصبانہ رویہ سے انہیں دکھ ہوا ہے، کیونکہ اس فیصلہ سے مردوں کی بالادستی کے احساس کی بو آرہی ہے۔ انہیں شکوہ ہے کہ لیانڈر پیز کی اولمپکس میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے انکی اور مہیش بھوپاتی کی کامیاب جوڑی کو ختم کیا گیا جو حال ہی میں فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی، اولمپکس میں لیانڈر پیز ورلڈ نمبر 207 ویشنو وردھان کے ہمراہ مینز ڈبلز میں شرکت کریں گے، ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ پیز نے شرکت کی حامی صرف اس شرط پر بھری کہ اس کے بدلے میں مکسڈ ڈبلز میں ثانیہ مرزا انکا ساتھ دے، انہوں نے کہا کہ انکی وابستگی بھارت سے ہے، کسی ایک شخصیت سے نہیں، اور انکا مقصد ملک کیلئے گولڈ میڈل جیتنا ہے، چاہے وہ کسی کے ساتھ بھی کھیلیں۔